فیض حمید پر چارج شیٹ کے بعد پی ٹی آئی کے رویئے میں تبدیلی آئی :خواجہ آصف

باضابطہ مذاکرات کے لئے میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں، ان کی طرف سے غیر مشروط مذاکرات کی کال آئی:میڈیا سے گفتگو

سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کے لیے آپس میں متحد ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے جب سے جنرل(ر) فیض پر چارج شیٹ ہوئی ہے، ان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا ہماری حکومت کی طرف سے کوئی ایسی مذاکرات والی صورت حال ہی نہیں بنی کہ ہم جواب دیں۔ فی الحال تو وہ آپس میں لڑ رہے ہیں، کوئی کہتا ہے کہ ہماری دو شرائط ہیں، وہ منظور کی جائیں، کوئی کہتا ہے غیر مشروط مذاکرات ہونے چاہئیں اورکوئی کمیٹی کمیٹی کھیل رہا ہے، کمیٹی بھی بنا دی سات رکنی پہلے پانچ رکنی تھی۔انہوں نے کہا عہدیدار لوگ بھول ہی گئے ہیں کہ کون عہدیدار ہے، اتنی بولیاں اور آوازیں آتی ہیں، تو کیا اور کس چیز کا جواب دیں، کوئی یونیفائیڈ قسم کی آواز آئے تو اس کا ہم جواب بھی دیں۔وزیردفاع نے کہا کہ ابھی تک ہمارے پاس ان کی طرف سے مذاکرات کی کوئی پیش کش ہی نہیں آئی، اسپیکر پاس کے پاس بیٹھے رہتے ہیں، چائے اور بسکٹ کھاتے ہیں اور باہر آجاتے ہیں۔ باضابطہ مذاکرات کے لیے میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں، ان کی طرف سے غیر مشروط مذاکرات کی کال آئی، خواہشات کی تکمیل کے لیے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔