دونوں کی پارٹنر شپ 9 مئی کو بھی تھی اور بعد میں بھی چلتی رہی، شہادتوں سے سامنے آئے گا کس طرح 2018 میں دھاندلی کی گئی
بانی پی ٹی آئی کے دور میں بہت سے سویلین کا ملٹری ٹرائل ہوا، عمران خان کے ملٹری ٹرائل بارے قانون فیصلہ کرے گا:میڈیا سے گفتگو
چارج شیٹ کے اثرات جنرل باجوہ تک بھی پہنچیں گے؟صحافی‘شہادتیں سامنے آئیں گی تو کچھ نہ کچھ اثرات سجے گھبے جائیں گے:وزیردفاع
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اقتدار میں لانے میں سرفہرست لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید تھے، عمران خان کے ملٹری ٹرائل بارے قانون فیصلہ کرے گا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی اور فیصل حمید حصہ دار تھے، 4،5 سال ساتھ رہے، دونوں کی پارٹنرشپ 2018 سے پہلے سے چلی آرہی ہے، اس کے بعد بھی یہ شراکت چلتی رہی، 9مئی کو بھی یہ قائم تھی، اس شراکت سے کوئی انکاری ہے تو شواہد اور ثبوت ہوں گے، ان ثبوتوں سے ثابت ہوجائے گا یہ 5،6 سال کی شراکت داری ہے، کس طرح بانی کو اقتدار میں لایا گیا، کس طرح آر ٹی ایس 2018کا معاملہ ہوا، ان کو اقتدار میں لایا گیا، اس کے بعد کس طرح پی ٹی آئی کے مخالفین اور خاندانوں پر ظلم کیا گیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ ان ثبوتوں سے یہ بھی ثابت ہوگا کس طرح لوٹ مار کا بازار گرم کیا گیا، بانی پی ٹی آئی انکی اہلیہ اور دیگر نے بڑے بڑے ٹائیکون کے ساتھ مل کرکیا، آخر یہ سب دیکھ رہے تھے۔انہوں نے کہا شہادتوں سے سامنے آئے گا کہ کس طرح 2018 میں دھاندلی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں بہت سے سویلین کا ملٹری ٹرائل ہوا، عمران خان کے ملٹری ٹرائل بارے قانون فیصلہ کرے گا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا یہ صوبائیت کا کارڈ کھیل رہے ہیں، یہ آخری کارڈ ہے، سول نافرمانی کی تحریک شروع بھی نہیں ہوگی، جس کے بچے پاکستان بیٹھے ہیں وہ پیسے کیوں نہیں بھیجے گا۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا جنرل فیض کے ملٹری ٹرائل میں چارج شیٹ کرنے سے اثرات جنرل باجوہ تک بھی پہنچیں گے؟ جس پر انہوں نے کہا شہادتیں سامنے آئیں گی تو لازمی طور پر کچھ نہ کچھ اثرات سجے گھبے جائیں گے، ون پیج ابھی ہے یا پھٹ گیا ہوا ہے نہیں معلوم۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 12 لوگوں کی شہادتوں کو کوئی ثبوت اسمبلی میں پیش نہیں کیا