فیض حمید نے بطور پی ٹی آئی کے سیاسی مشیر ملک میں سازشیں کیں‘ان کی جانب سے ریڈ لائن کراس کی گئی، یہ ریاست کی رٹ کوکمزور کرنے کی کوشش کررہے تھے:وزیراطلاعات
اللہ ہمیں طاقت اور اقتدار کو اپنی عطا ء سمجھ کر اپنی مخلوق کے لئے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اللہ ہمیں معاف کرے، خوف خدا حکمرانوں کا شیوہ بنے:وزیردفاع
اسلام آباد (آن لائن‘آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے فیض حمید کی سزا کو تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوے کہا ہے یہ حق اور سچ کی فتح ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ فیض حمید کی سزا ایک تاریخی فیصلہ اور حق و سچ کی فتح ہے، پاک فوج کا سسٹم بہت مضبوط ہے، قانونی میکنزم بہت مضبوط ہیں، اس معاملے پر ایک لمبا عرصہ شواہد پیش کیے جاتے رہے، گواہان کے بیانات قلمبند کیے جاتے رہے۔فیض حمید نے بطور پی ٹی آئی کے سیاسی مشیر ملک میں سازشیں کی، آج کا فیصلہ تاریخی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیض حمید کی جانب سے ریڈ لائن کراس کی گئی، ریٹائرمنٹ کے بعد جب سیاسی سرگرمیوں پر قدغن تھی تب یہ پی ٹی آئی کے سیاسی مشیر بنے اور ان کی پوری سیاسی سپورٹ کی۔سیاسی وابستگی بہت زیادہ تھی، بطور پی ٹی آئی سیاسی مشیر ملک میںآگے بڑھ کر سازشیں کی گئیں اور انتشار پھیلایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی بہت سنگین معاملہ ہے اس پر تحقیقات ہوں گی، ان کی سیاسی اسسٹنٹ کی سنگین صورتحال کی تحقیقات کی جارہی ہیں، یہ ریاسٹ کی رٹ کمزور کرنے کی کوشش کررہے تھے‘دریں اثناء وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے قوم برسوں فیض حمید اورجنرل باجوہ کے بوئے ہوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی۔سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی 14 سال قید بامشقت سزا پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر کہا کہ قوم برسوں فیض حمید اور جنرل باجوہ کے بوئے ہوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی۔انہوں نے کہا اللہ ہمیں طاقت اور اقتدار کو اللہ کی عطا سمجھ کر اس کی مخلوق کے لئے استعمال کی توفیق عطا فرمائے، اللہ ہمیں معاف کرے، خوف خدا حکمرانوں کا شیوہ بنے، آمین