زہریلی شراب،222 ملزم گرفتار

 لاہور پولیس نے مشتبہ علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد بھٹیاں تباہ کردیں ، زہریلی شراب ضبط 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے قیمتی انسانی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بننے والی کچی اور زہریلی شراب کے گھنانے کاروبار میں ملوث 222 ملزمان کوگرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کی ہزاروں لیٹر شراب ضبط کرلی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے گھنانے جرم کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی کا حکم دیا جس کے بعد لاہور پولیس نے مشتبہ علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد بھٹیاں تباہ کردیں اور بڑی مقدار میں زہریلی شراب ضبط کرلی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے بتایا کہ رواں سال اب تک 66 ہزار 505 لیٹر شراب بر آمد کی جا چکی ہے، ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 3 ہزار 864 مقدمات درج کئے گئے، غیرقانونی شراب کے مکروہ دھندے میں ملوٹ 3 ہزار 966 افراد کو جیل بھجوایا گیا۔فیصل کامران نے کہا کہ کچی شراب میں استعمال ہونے والے زہریلے کیمیکلز اکثر جان لیوا ثابت ہوتے ہیں، کرسمس اور سال نو پر غیر قانونی اور زہریلی شراب کی ترسیل میں اضافہ ہوتا ہے، غیر قانونی شراب کی ترسیل روکنے کے لیے اضافی ناکے اور چیک پوائنٹس لگائے گئے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے شراب کی ترسیل میں ملوث ریکارڈ یافتہ گروہوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دے کر ہماری مدد کریں، عوام کا تعاون ہی معاشرتی برائیوں کے خاتمے کا سب سیموثرذریعہ ہے۔