زہریلی شراب کی ترسیل ناکام ، 26ملزم گرفتار

ہوائی فائرنگ ، اسلحہ کی نمائش کرنے والے 46افراد بھی زیر حراست ، 3 کلاشنکوف، 7 بندوقیں، 34 پسٹل برآمد :پولیس 
لاہور (کرائم رپورٹر )زہریلی شراب کی ترسیل ناکام بناتے ہوئے 26 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے 46 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دورانِ کارروائی 3 کلاشنکوف، 7 بندوقیں، 34 پسٹلز اور ہزاروں گولیاں برآمد کی گئیں۔ علاوہ ازیں، پتنگ بازی میں ملوث 26 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی کی گئی اور اضافی گشت کے دوران 126 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ خواتین کے تحفظ کے لیے خصوصی سکواڈز تعینات کیے گئے، جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ کرائوڈ کنٹرول کے لیے 1000 سے زائد افسران و جوان فیلڈ میں متحرک رہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ سکیورٹی کے لیے 5000 سے زائد اضافی اہلکار تعینات کیے گئے تھے، جبکہ تفریحی مقامات، بازاروں اور مساجد میں پولیس کی مئوثر نگرانی جاری رہی۔ ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے جدید ڈرون کیمروں اور نائٹ ویڑن دوربینوں کا استعمال کیا گیا، جس سے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بروقت کارروائی ممکن ہوئی۔