ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ٹریفک حادثہ، ایک خاندان کے 8 افراد جاں بحق

حادثہ چک نمبر 268 گ ب موٹے والا کے قریب پیش آیا‘تیررفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی
ٹوبہ ٹیک سنگھ(مانیٹرنگ ڈیسک)) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رجانہ روڈ پر کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 کمسن بچے، ایک خاتون اور 3 مرد شامل ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چک نمبر 268 گ ب موٹے والا کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 سے 9 سال کی عمر کے 4 بچے، تقریباً 30 سالہ خاتون اور 30 سے 40 سال کی عمر کے 3 مرد شامل ہیں۔حادثے میں 45 سالہ خاتون اور 5 سے 6 سال کی عمر کے 2 بچے زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔