پاکستان میں ہیلتھ کیئر کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں،چیئرمین سینیٹ کا سیمینار سے خطاب
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ علاج معالجے کی سہولیات شہریوں کا بنیادی حق ہے،پاکستان میں ہیلتھ کیئر کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں،ہیلتھ کیئر نظام تک رسائی نہ صرف بنیادی انسانی حق اور قومی ترقی کی بنیاد بھی ہے ، 18ویں آئینی ترمیم نے صوبوں کو صحت سے متعلق امور پر بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا ااظہار انہوںنے اتوار کو اسلام آباد میں صحت سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کسی بھی معاشرے میں صحت کا شعبہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ عوام کو صحت سے متعلق آگاہی کی فراہمی ضروری ہے، علاج معالجے کی سہولیات شہریوں کا بنیادی حق ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات یقینی بنانا ضروری ہے، صحت مند افراد سے ہی صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم میرے اجداد کے نزدیک کے قریب بہت اہم رہی ہے، اس وقت سے آج تک ہم تعلیم کیلئے کام کررہے ہیں، بی زیڈ یو کالج کی بنیاد میرے والد نے رکھی تھی، وہاں اعلی معیار کے پروفیسرز اور انفسٹکچر موجود ہیں، میرے والد نے بطور وزیر صحت بہت سے منصوبے شروع کیے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئینی ترامیم کے مطابق صحت اور تعلیم اب صوبوں کو شفٹ ہوچکے ہیں، اب صوبوں کی صوبدید ہے کہ وہ کس سیکٹر کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ آئینی ترمیم کے تحت صوبے اپنی آبادی کی ضروریات کے مطابق مقامی حل نکالنے میں اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔