بین الاقوامی شراکت داروں کے مابین تعاون کو مضبوط بنانا ناگزیر ہ:چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یوم خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں بھوک کے خاتمے، غذائی تحفظ کے فروغ اور پائیدار زرعی طریقوں کو اپنانے کے لیے قومی و عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مناسب اور غذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف میں سے ''بھوک کا خاتمہ'' کے مقصد کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلی، آبادی میں اضافے اور خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں جیسے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے پالیسی سازوں اور متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ دیہی ترقی، زرعی جدت اور منصفانہ نظامِ تقسیمِ خوراک میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ہر شہری کو محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی ایک صحت مند، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے