ریسکیو کیے جانے والوں میں 47 پاکستانی شامل ، لاپتا پاکستانیوں کے اہلخانہ سفارتخانے سے رابطہ کر سکتے ہیں ، ترجمان
اسلام آباد(بیورو رپورٹ )ترجمان دفتر خارجہ نے یونانی جزیرے کے قریب کشتی حادثے میں مرنے والوں میں ایک پاکستانی شہری کے شامل ہونے کی تصدیق کردی۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز یونان کے جنوبی جزیرے میں کشتی الٹنے کے حادثے کے بعد ریسکیو کیے جانے والوں میں 47 پاکستانی بھی شامل ہیں جب کہ مرنے والوں میں ایک پاکستانی کے شامل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس مرحلے پر ہم مرنے والے یا لاپتا پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانہ براہ راست سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے متعلقہ کوسٹ گارڈ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سفارتخانے کے حکام ریسکیو کیے گئے پاکستانیوں سے ملاقات کرنے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے کریٹے پہنچ گئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لاپتا پاکستانی افراد کے متاثرین کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا گیا ہے، پاکستانی متاثرہ فیملیز 6943850188-0030 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔