ملزم بین الاقوامی گینگ کا کارندہ، متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام لاکھوں روپے ہتھیائے،ایف آئی اے
گوجرانوالہ(آئی این پی )یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی سمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔بیان کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد اسلم اور سعید احمد شامل ہیں، ملزم محمد اسلم یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے، گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام لاکھوں روپے ہتھیائے، ملزم نے متاثرین سے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے، ملزم نے گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا بھجوایا، بعد ازاں ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔ بیان میں کہا گیا کہ کشتی حادثے میں متاثرہ شہری لاپتا ہوگئے، ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ ایک اور کاروائی میں انسانی سمگلر کو گجرات سے گرفتار کیا گیا، ملزم جعلی سفری دستاویزات بنوانے میں ملوث ہے۔