سول نافرمانی پربانی پی ٹی آئی کا جو بھی فیصلہ آئے گا، عمل ہوگا: گنڈاپور

 ہم دہشتگردی کو کنٹرول کرلیں گے، امن وامان وفاقی حکومت کی ذمہ داری، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا 
 پشاور(آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک بارے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلے پر عمل کریں گے، ہم دہشتگردی کو کنٹرول کرلیں گے، امن وامان وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم ہماری حکومت بھی امن وامان بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ہماری حکومت کی کارکردگی اچھی ہے، آئی ایم ایف نے بھی خیبر پختونخوا حکومت کی تعریف کی ہے۔ان خیالات کاا ظہار علی امین گنڈاپور نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے لیے پولیس فرنٹ لائن کا کردار ادا کررہی ہے، دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہے اور قربانیاں بھی دے رہے ہیں۔ جو خلا آیا ہے اسے پر کرنے میں وقت تو لگے گا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب وفاق میں ہماری حکومت تھی صوبے میں ایک بھی دھماکا نہیں ہوا، پی ڈی ایم کی حکومت جب آئی تو ریاستی ادارے امن و امان کے بجائے پی ٹی آئی کے پیچھے لگ گئے، تب دہشت گردوں کو کھلی چھٹی مل گئی۔ وفاق میں ہماری حکومت نہیں، اس لیے مسائل کا سامنا ہے۔ لوگوں کے مسائل میں تاخیر عدالتوں میں موجود کیسز کی وجہ سے ہے۔ دہشتگردی کے خلاف کے پی نے ہمیشہ فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ افغانستان سے مذاکرات کیے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا، صوبے کا نقصان ہو رہا ہے اس لیے افغانستان سے مذاکرات کی بات کی تھی۔ جب بھی کوئی تحریک چلتی ہے، کے پی فرنٹ لائن پر ہوتا ہے۔ لوگوں کے مسائل حل کیے جارہے ہیں، چیزیں بہتر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ہے، دنیا ان کو قبول کررہی ہے، ہمیں بھی سوچنا ہے، کوئی ادھر سے اوپر جائے یا ادھر سے اِدھر آئے تو مسائل بڑھتے ہیں،اب فیڈریشن گورنمنٹ سمجھ گئی ہے کہ افغانستان کے ساتھ بات چیت کی جائے، افغانستان کے ساتھ بغیر مذاکرات مسائل حل نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق پاکستان کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی ہوگی، جس پالیسی سے نقصان ہو رہا ہے اسے ختم کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ باقی صوبوں کے حوالے سے ہماری حکومت بہترین ہے، وفاق میں ہماری حکومت نہیں پھر بھی ہم اچھا پرفارم کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی تحریک اس صوبے سے چلی، میں اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں پارٹی بھی اور صوبہ بھی چلا رہا ہوں۔ایک سوال پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سول نافرمانی کا اعلان بانی چیئر مین نے کیا تھا، سول نافرمانی پر جو بھی فیصلہ آئے گا اس پر عمل ہو گا۔