سول نافرمانی کی کال پر 3فیصد بھی عمل ہوتا ہے تو بہت نقصان ہوگا: فواد چودھری

پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، جیل میں ڈالا گیا لیکن پارٹی ختم نہ ہوسکی،سابق وفاقی وزیر
اسلام آباد (آئی این پی )سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی کال پر 3فیصد بھی عمل ہوتا ہے تو بہت نقصان ہوگا، حکومت کو اس سے  بچنے کیلئے گفتگو کرنی چاہیے۔ایک انٹرویو میں فواد چودھری نے کہا کہ میری نظر میں حکومت سول نافرمانی سے بچنے کیلئے گفتگو کرنی چاہیے، پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، جیل میں ڈالا گیا لیکن پارٹی ختم نہ ہوسکی۔انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈال دیا گیا لیکن ان کیخلاف کوئی بیانیہ نہ بناسکے، بانی پی ٹی آئی کچھ بھی کہتے ہیں تو وہ بیانیہ بن جاتا ہے، ایسے حالات میں بانی پی ٹی آئی سے بات کرنی چاہیے معاملات طے کرنے چاہئیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپوزیشن جماعتوں کیساتھ الائنس بنانا چاہیے، جے یو آئی( ف) کیساتھ الائنس کو آگے بڑھانا چاہیے۔انہوں نے کہا سوشل میڈیا پر جو مہم چلاتے ہیں وہ پی ٹی آئی کا نام استعمال کرتے ہیں، بیرون ملک بیٹھے لوگ پیسے بنانے کیلئے سوشل میڈیا مہم چلاتے ہیں، جو حالات ہیں اس میں نقصان پاکستان، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کو ہورہا ہے۔فائدہ صرف( ن) لیگ کو ہورہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو ویسے ہی اتنی سزائیں سنادی ہیں ایک اور سزا سے کیافرق پڑیگا، پی ٹی آئی اس وقت بیک فٹ پر ہے اور یہ بات چیت کا اہم موقع ہے۔