حکومت مذاکرات کیلئے اشارہ دے گی تو مثبت ردعمل آئیگا ، کل تک پیش رفت کی امید :علی امین
اسلام آباد، پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اور سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے مشاورت کی۔جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین نے کہا کہ جن کی حکومت ہے وہ اشارہ دیں گے تو مثبت ردعمل بھی آجائے گا، میری آفیشل میٹنگز میں گفتگو ہوتی رہتی ہے میں وہاں بھی بات کرتا ہوں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کل 21 دسمبر تک دونوں اطراف سے مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ 26 نومبر کو لاپتہ ہونے والے 200 لوگوں میں سے کئی واپس آگئے اور اب تعداد صرف 54 رہ گئی ہے، سول نافرمانی کی تحریک پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہوئی ہے۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کمرہ عدالت کے باہر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی ، ہماری سول نافرمانی تحریک کے حوالے سے مشاورت ہوئی کیونکہ ملک کے جو موجودہ حالات ہیں اْن میں پاکستان کے لیے سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید بتایا کہ شہدا اور زخمیوں کے حوالے سے کابینہ اور صوبائی سطح پر انکوائری کررہے ہیں، جو حالات بن گئے ہیں ایسے میں پاکستان کے لیے سوچنے پر مجبور ہیں، امید کرتا ہوں سیاسی جماعتیں غور و فکر اور مذاکرات کرکے کوئی حل نکالیں گی۔ضلع کرم میں غذائی اجناس کی ضرورت پوری کرنے کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے فوری اقدام کرتے ہوئے کرم کے عوام کو رعایتی نرخ پر گندم کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔ادھر ضلع کرم میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 20 دسمبر کو صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوگا جس میں اعلیٰ سول وعسکری قیادت، متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، ڈویڑنل اور ضلعی انتظامیہ کے حکام شریک ہونگے۔اجلاس میں کرم میں امن و امان کی تازہ صورتحال،صوبائی حکومت کے اقدامات اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔