اسلام آباد(بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے المناک سانحے کی برسی کے موقع پر شہداء آرمی پبلک کو خراج عقیدت پیش کیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو پیش آنے والا یہ دلخراش سانحہ قومی تاریخ کا سیاہ باب ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اس افسوس ناک واقعہ نے پوری قوم کو کرب اور دکھ میں مبتلا کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانیاں نہ صرف دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کی مضبوطی کا باعث بنیں بلکہ اس ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد کیا۔