سیلاب زدہ بونیر: پاک فوج کے مزید دستے ریسکیو آپریشن کے لیے پہنچ گئے

سیلاب زدہ بونیر: پاک فوج کے مزید دستے ریسکیو آپریشن کے لیے پہنچ گئے

ویب ڈیسک: پاک فوج کے مزید دستے سیلاب سے شدید متاثرہ ضلع بونیر پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام بھی موجود ہیں اور وزیراعظم کی فراہم کردہ امداد کی تقسیم کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ریسکیو آپریشن:

فوج کی کور آف انجینئرز کے اسپیشل آلات کے ذریعے کیچڑ کے نیچے دبے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جا رہا ہے۔فوجی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹرز میں راشن اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا جا رہا ہے۔سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، اور آپریشن متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے تک جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر کا دورہ اور جائزہ:
وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے بونیر کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور تعزیت کی۔انہوں نے کہا:یہ سیاست کا وقت نہیں، پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے۔ریسکیو آپریشن میں انتظامیہ، پاک فوج اور ایف سی کے جوان حصہ لے رہے ہیں۔کئی گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور متعدد لاپتہ افراد کی جلد ریکوری کیلئے دعائیں کی جا رہی ہیں۔متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور وفاقی حکومت تمام وسائل فراہم کرے گی۔
مزید اقدامات اور پس منظر:

بونیر میں عارضی راستوں کی بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ریسکیو آپریشن کے دوران کئی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ متعدد افراد کی تلاش جاری ہے۔وزیراعظم جلد متاثرہ اضلاع کا دورہ کریں گے۔وفاقی وزیر نے حالیہ طوفانی بارشوں میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر کمشنر مالاکنڈ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر بونیر، ضلعی انتظامیہ، ڈی پی او اور وفاقی محکموں پیسکو اور پی ٹی اے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔