پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر سیلابی ریلے اور بارشوں کے باعث پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر فوری طور پر روانہ کر دیے گئے۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق بونیر میں مکانات کی چھتوں پر پھنسے شہریوں کو ریسکیو کرنے کے لیے صوبائی حکومت کا چھوٹا ہیلی کاپٹر بھیجا گیا ہے، جبکہ باجوڑ میں جاری امدادی کارروائیوں کے لیے بڑا ہیلی کاپٹر ایم آئی-17 تعینات کیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کے پاس صرف یہ دو ہی ہیلی کاپٹر ہیں جو اس وقت ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔وزیراعلیٰ نے موجودہ ہنگامی صورتحال میں قیمتی جانوں کو بچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ علی امین گنڈاپور متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ، ڈویژنل حکام اور ریسکیو ٹیموں سے لمحہ بہ لمحہ رابطے میں ہیں اور خود صوبے بھر کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ بونیر میں پھنسے افراد کے محفوظ انخلا کے لیے کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر بونیر سے مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ باجوڑ میں بھی امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ لاپتہ اور پھنسے ہوئے لوگوں کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔