واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کی صدارت کے دوران چین تائیوان پر حملہ نہیں کرے گا۔
امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ شی جن پنگ نے کہا ہے کہ جب تک وہ (ٹرمپ) صدر ہیں، تائیوان پر کوئی فوجی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اور ان کا ملک "بہت صابر" ہیں۔دوسری جانب واشنگٹن میں چینی سفارتخانے نے تائیوان کو چین-امریکا تعلقات کا سب سے اہم اور حساس مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت کو ون چائنا پالیسی اور تین مشترکہ اعلامیوں پر عمل کرنا چاہیے، تائیوان سے متعلق معاملات کو محتاط انداز میں دیکھنا چاہیے اور آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کو یقینی بنانا چاہیے۔یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان پہلی باضابطہ ٹیلی فونک گفتگو جون میں ہوئی تھی۔ اس سے قبل اپریل میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ چینی صدر نے انہیں فون کیا تھا، تاہم اس کال کی تاریخ یا وقت کے بارے میں کوئی وضاحت فراہم نہیں کی گئی تھی۔