اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطری وزیراعظم کو یقین دلایا ہے کہ سابقہ غلطیاں دوبارہ نہیں دہرائی جائیں گی۔
یہ بیان قطر میں حماس رہنماؤں پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران دیا گیا۔امریکی مندوب نے کہا کہ صدر ٹرمپ غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور یہ امن کی جانب ایک موقع ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا انسانی امداد کی فراہمی اور تنازع کے خاتمے کے لیے کام کرتا رہے گا۔اجلاس میں برطانوی مندوب نے بھی بات کرتے ہوئے قطر کے ساتھ غیر مشروط حمایت کا اظہار کیا اور دوحہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ قطر کی علاقائی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی ہے اور علاقائی کشیدگی میں اضافہ کرتا ہے۔
برطانوی مندوب نے حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام یرغمالیوں کو رہا کرے اور فوری طور پر سیز فائر ڈیل پر دستخط کرے، نیز غزہ کے مستقبل میں غیر مسلح ہو کر کوئی کردار ادا کرے۔انہوں نے اسرائیلی حکومت کے غزہ میں توسیعی آپریشن کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے فوری نظرثانی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ قطر، امریکا اور مصر کی جانب سے جاری جنگ بندی کی کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔