پنجاب پولیس کی کارروائیاں،277ملزم پکڑ لئے

  صوبہ بھر میں ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ  کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا 
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم آزادی پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر فورس کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے پر امن تقاریب کے انعقاد پر سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت سینئر افسران نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جشن آزادی پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور دیگر قانون شکنی پر پنجاب پولیس کا سخت کریک ڈاؤن جاری رہا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں 277 قانون شکن عناصر گرفتار کیے گئے اور 249 مقدمات درج کیے گئے۔ صوبہ بھر میں ون ویلنگ کے 162 ملزمان گرفتار اور 147 مقدمات درج کیے گئے۔ ہوائی فائرنگ پر 13 ملزمان گرفتار اور 13 مقدمات درج کیے گئے۔ سائلنسر موڈیفیکیشن اور دیگر خلاف ورزیوں پر 102 ملزمان گرفتار اور 89 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور میں مختلف خلاف ورزیوں پر 92 قانون شکن گرفتار اور 89 مقدمات درج کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے بلا تفریق کارروائی کے احکامات جاری کیے۔