جاپانی وزیرِاعظم شیگیرو ایشیبا نے کہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم میں انسانی جانوں کے نقصان پر جاپان کو شدید پچھتاوا ہے اور ملک دوبارہ جنگ کے راستے پر نہیں جائے گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ بیان انہوں نے جاپان کے ہتھیار ڈالنے کے 80 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں دیا۔ تقریب میں جاپان کی حکومت نے جنگ کی یادگار تقریبات کا انعقاد کیا اور 4,500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔شیگیرو ایشیبا نے کہا کہ جاپان جنگ میں ایشیائی ممالک کے خلاف شروع ہونے والے تنازعات کا ذمہ دار نہیں تھا، لیکن انسانی جانوں کے نقصان کا پچھتاوا دلوں میں ہمیشہ موجود رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کی تکلیف دہ یادیں اگلی نسل تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ زندہ بچنے والے زندگی کی قدر کریں اور ان کی عمریں طویل ہوں۔ جاپانی وزیرِاعظم نے اس موقع پر امن اور شراکت داری کے فروغ کا عزم بھی دہرایا اور کہا کہ ملک کی پالیسی ہمیشہ امن کی بنیاد پر ہوگی۔