لندن / احمد آباد: بھارتی شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کی پرواز AI-171 کے افسوسناک حادثے پر برطانوی حکومت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے تعزیتی بیان میں کہا کہ "احمد آباد میں پیش آنے والا طیارہ حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ لندن جانے والے طیارے میں کئی برطانوی شہری سوار تھے، اور میری ہمدردی ان تمام متاثرہ مسافروں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہے۔ ہم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔"برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لَمی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم بھارتی حکام کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں اور متاثرہ برطانوی شہریوں کو فوری معاونت فراہم کی جا سکے۔"انہوں نے کہا کہ برطانوی سفارتی مشن بھارت میں موجود اپنے شہریوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز AI-171 جمعرات کے روز احمد آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی تھی لیکن ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں 242 افراد سوار تھے، جن میں عملہ اور متعدد برطانوی شہری بھی شامل تھے۔ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔برطانوی عوام اور حکام کی جانب سے حادثے پر دکھ اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار جاری ہے۔