ایران پر دوسری جنگِ عظیم جیسی شدت کے حملوں کے لیے تیار ہیں،پیٹ ہیگسیتھ

ایران پر دوسری جنگِ عظیم جیسی شدت کے حملوں کے لیے تیار ہیں،پیٹ ہیگسیتھ

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف ایسے بڑے فوجی حملے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے جن کی شدت دوسری جنگِ عظیم کے بعد کم ہی دیکھی گئی ہو۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج ہر ممکن کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پینٹاگون کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور امریکی افواج کو مکمل جنگی تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امریکی فوج فوری کارروائی کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا ایران کے خلاف ایسے حملے کر سکتا ہے جن کی شدت دوسری جنگِ عظیم کے بعد مثال بن جائے۔دفاعی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے بیانات مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری مسلسل سفارتی حل، تحمل اور مذاکرات پر زور دے رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال نہ صرف خطے بلکہ عالمی سلامتی، توانائی کی منڈیوں اور بین الاقوامی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔