وزیراعلیٰ مریم نواز کا الیکٹرک ٹیکسی سروس کے آغاز کی منظوری دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ مریم نواز کا الیکٹرک ٹیکسی سروس کے آغاز کی منظوری دینے کا اعلان

لاہور: پاکستان کی تاریخ کے پہلے ای ٹیکسی سروس منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔

 پنجاب حکومت نے صوبے میں الیکٹرک گاڑیوں کی فراہمی اور فنانسنگ کا لائحہ عمل طے کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ای ٹیکسی سروس منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 65 لاکھ روپے تک کی فنانسنگ فراہم کی جائے گی جبکہ لاہور میں 1100 الیکٹرک گاڑیوں کی دستیابی کے لیے ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت گاڑیوں کی فنانسنگ پر سود کی رقم خود ادا کرے گی جبکہ گاڑی کی قیمت میں 20 فیصد ڈاؤن پیمنٹ (5 لاکھ 85 ہزار روپے) بھی حکومت برداشت کرے گی۔ بینکس 65 لاکھ روپے تک کی فنانسنگ فراہم کریں گے، تاہم اگر کوئی صارف زیادہ مالیت کی گاڑی خریدنا چاہے تو اضافی رقم اسے خود ادا کرنا ہوگی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جاپان کے دورے سے واپسی پر اس منصوبے کے پورٹل کا افتتاح کریں گی۔ منصوبے کے لیے سات مختلف اقسام کی گاڑیاں رکھی گئی ہیں جن کی قیمت 40 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک ہوگی۔پنجاب حکومت منصوبے پر دو ارب روپے تک اخراجات کرے گی جبکہ 1100 چائنیز الیکٹرک گاڑیاں ابتدائی طور پر لاہور میں آپریشنل ہوں گی۔ اس حوالے سے لاہور کے 18 مقامات پر چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جا چکے ہیں، جن کی تعداد مستقبل میں مزید بڑھائی جائے گی۔بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ ای ٹیکسی سروس لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلی لائے گی اور شہریوں کو کم خرچ، جدید اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک سفری سہولتیں فراہم کرے گی۔