سعودی عرب: مسجدِ قبا میں روبوبس خودکار ٹیکسی سروس کا آغاز

سعودی عرب: مسجدِ قبا میں روبوبس خودکار ٹیکسی سروس کا آغاز

مسجدِ قبا کے اندرونی صحن میں جدید خودکار ٹیکسی سروس “روبوبس” کا تجرباتی آغاز کر دیا گیا ہے۔

 یہ منصوبہ سعودی عرب کی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور مدینہ منورہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔یہ اقدام مملکت کے اسٹریٹجک پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد جدید، محفوظ اور پائیدار سفری سہولیات فراہم کرنا اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو فروغ دینا ہے، جو سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔تفصیلات کے مطابق روبوبس مکمل طور پر مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ہے اور اسے جدید سینسرز اور ہائی ریزولوشن کیمروں سے لیس کیا گیا ہے، جو زائرین اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔اس بس کے لیے مسجدِ قبا کے اندرونی صحن میں تقریباً 700 میٹر طویل خصوصی ٹریک تیار کیا گیا ہے، جس پر یہ بغیر کسی انسانی ڈرائیور کے چلتی ہے۔ بس کا نظام اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ مقررہ راستے سے باہر نہیں جاتی اور مکمل طور پر کنٹرولڈ ماحول میں آپریٹ کرتی ہے۔

روبوبس سروس مرد اور خواتین زائرین کے مخصوص داخلی راستوں سے سفر شروع کرتی ہے اور پہلے سے طے شدہ روٹ پر چلتی ہے، جس کا مقصد زائرین کی آمدورفت کو آسان اور منظم بنانا ہے۔یہ تجرباتی مرحلہ 60 روز تک جاری رہے گا، جس کے دوران اس کی آپریشنل کارکردگی، حفاظتی معیار اور اردگرد کے انفراسٹرکچر سے مطابقت کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران ڈیجیٹل ڈیٹا اور ہائی ریزولوشن نقشوں کی مدد سے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ مستقبل میں سعودی عرب کے دیگر شہروں میں بھی خودکار ٹرانسپورٹ سسٹم کے توسیعی استعمال کی راہ ہموار کرے گا اور زائرین کے لیے ایک جدید، محفوظ اور اسمارٹ سفری ماحول فراہم کرے گا۔