کینیڈا میں جنگل کی آگ بجھانے والا ہیلی کاپٹر جھیل میں گر کر تباہ، پائلٹ معجزانہ طور پر محفوظ

کینیڈا میں جنگل کی آگ بجھانے والا ہیلی کاپٹر جھیل میں گر کر تباہ، پائلٹ معجزانہ طور پر محفوظ

کینیڈا کے صوبے نووا اسکاٹیا میں جنگل کی آگ پر قابو پانے کی کارروائی کے دوران ایک ہیلی کاپٹر جھیل میں گر کر تباہ ہوگیا۔

خوش قسمتی سے حادثے میں پائلٹ زندہ بچ گیا جسے فوری طور پر ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال منتقل کردیا۔چینی خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق صوبائی محکمہ برائے قدرتی وسائل نے اپنے بیان میں کہا کہ ہیلی کاپٹر انیپولس کاؤنٹی میں آگ بجھانے کے مشن پر تھا کہ اچانک پرواز کے دوران وہ جھیل میں جاگرا۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور پائلٹ کو زخمی حالت میں ہیلی کاپٹر سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔محکمہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ ہیلی کاپٹر کے جھیل میں گرنے کی اصل وجوہات کیا تھیں۔

 حکام کا کہنا ہے کہ جنگل کی آگ پر قابو پانے کی کارروائیاں دیگر ہیلی کاپٹروں اور فائر فائٹرز کی مدد سے بدستور جاری ہیں۔نووا اسکاٹیا میں رواں موسم گرما کے دوران شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث درجنوں مقامات پر جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سامنے آچکے ہیں جنہیں بجھانے کیلئے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشنز کیے جارہے ہیں۔