جنوبی بحرہ چین میں امریکی بحریہ کے دو مختلف حادثات میں ایک ہیلی کاپٹر اور ایک لڑاکا جہاز تباہ ہو گئے، لیکن تمام اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایم ایچ-60 آر سی ہاک ہیلی کاپٹر، جو کہ طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس نیمٹز سے معمول کی پرواز کر رہا تھا، سمندر میں گر گیا۔ امریکی بحریہ کے بحرالکاہل بیڑے کے مطابق، ہیلی کاپٹر میں شامل تینوں اہلکاروں کو سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے محفوظ نکال لیا۔تقریباً پون گھنٹے بعد، اسی بحری جہاز سے اڑنے والا ایف/اے-18 ایف سپر ہارنیٹ لڑاکا طیارہ بھی معمول کی کارروائی کے دوران حادثے کا شکار ہو کر جنوبی بحرہ چین میں گر گیا۔ دونوں اہلکاروں نے بروقت خود کو نکال لیا اور انہیں ریسکیو کر لیا گیا۔امریکی بحریہ کے بیان کے مطابق، تمام اہلکار محفوظ اور حالتِ مستحکم ہے، اور دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دوسرے دورِ صدارت کے دوران پہلی مرتبہ ایشیا کے دورے پر ہیں، اور وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ بھی جلد مختلف ایشیائی ممالک کے دوروں کے لیے روانہ ہونے والے ہیں۔رواں سال قبل بھی، امریکی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز ہیری ایس ٹرومین سے دو جنگی طیارے مشرقِ وسطیٰ میں گر کر تباہ ہو چکے ہیں۔