انڈونیشیا میں آگ بجھانے والا ہیلی کاپٹر دریائے باریٹو میں گر کر تباہ، ایک اہلکار ہلاک

انڈونیشیا میں آگ بجھانے والا ہیلی کاپٹر دریائے باریٹو میں گر کر تباہ، ایک اہلکار ہلاک

جکارتہ: جنوب مشرقی ایشیائی ملک انڈونیشیا میں جنگلات اور زرعی اراضی پر لگی آگ بجھانے کے آپریشن کے دوران ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کا ایک انڈونیشی اہلکار ہلاک جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے دو غیر ملکی اہلکاروں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔

انڈونیشیا کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی اور خبر رساں ادارے انتارا کے مطابق حادثہ اتوار کے روز صوبہ جنوبی کلیمنتان کے علاقے باریٹو کُوالا میں دریائے باریٹو کے قریب پیش آیا۔حکام کے مطابق H225 سپر پوما ہیلی کاپٹر جنگلات اور زرعی اراضی میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے واٹر بمبنگ آپریشن میں مصروف تھا۔ اس آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر دریائے باریٹو سے پانی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ دریا میں جاگرا۔

حادثے کے بعد فوری ریسکیو آپریشن شروع
ہیلی کاپٹر گرنے کے فوراً بعد مقامی افراد اور امدادی اداروں نے ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کو تلاش کیا اور دو غیر ملکی اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا۔انڈونیشیا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں عملے کا ایک انڈونیشی اہلکار جان کی بازی ہار گیا، جس کی شناخت یاان سوپیانسوری کے نام سے ہوئی ہے۔

آسٹریلوی اور نیوزی لینڈ کے شہری محفوظ
حکام کے مطابق حادثے میں بچائے جانے والے دو افراد میں آسٹریلوی شہری مائیکل جان بیٹریج اور نیوزی لینڈ کے شہری ہیو اینڈریو جان پیج شامل ہیں۔واقعے کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے حادثے کی تفصیلات اور وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر دریائے باریٹو سے پانی لینے کے دوران توازن کھونے کے باعث دریا میں گرا۔