برطانیہ میں مانچسٹر ایئرپورٹ پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے

برطانیہ میں مانچسٹر ایئرپورٹ پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے

برطانیہ کے شہر مانچسٹر ایئرپورٹ پر جمعہ کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پرواز کے لیے تیار دو مسافر طیارے زمین پر ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ کے رن وے پر ٹیکسی کے دوران دو طیاروں کے پروں کے سرے آپس میں ٹکرا گئے جس کے باعث کچھ پروازوں میں تاخیر اور تعطل پیدا ہوا۔ ایک طیارہ پیرس جبکہ دوسرا جبرالٹر کے لیے روانہ ہونا تھا۔حادثے کے فوری بعد ہوائی اڈے کے حکام نے رن وے کو عارضی طور پر بند کر دیا اور طیاروں کی جانچ پڑتال کی۔ ایزی جیٹ ایئرلائن کے ترجمان نے تصدیق کی کہ صبح کے وقت رن وے پر ٹیکسی کرتے ہوئے دونوں طیاروں کے ونگ ٹپس ٹکرا گئے۔

مسافروں کو بحفاظت طیاروں سے اتار کر لاؤنج میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں ریفریشمنٹ واؤچرز فراہم کیے گئے۔ ایئرلائن کی جانب سے مسافروں کے لیے متبادل طیارے کا انتظام بھی کیا گیا تاکہ پروازیں مقررہ مقام تک روانہ ہو سکیں۔ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم پروازوں میں ہونے والی تاخیر پر مسافروں سے معذرت خواہ ہیں۔خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ایئرپورٹ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔