نیویارک: لاگوارڈیا ایئرپورٹ پر بدھ کی رات ایک خطرناک حادثہ پیش آیا جب ڈیلٹا ایئر لائنز کے دو ریجنل طیارے رن وے پر آہستہ چلتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئے۔
حادثے میں ایک ایئر ہوسٹس زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اندیور ایئر کی فلائٹ جو رونوک، ورجینیا کے لیے روانہ ہونے والی تھی، اس کا پر (ونگ) دوسری فلائٹ سے ٹکرا گیا، جو شارلٹ، نارتھ کیرولائنا سے آ کر اتری تھی۔ یہ تصادم رات تقریباً 10 بجے ٹیکسی وے پر پیش آیا۔ ٹکر کے بعد ایک طیارے کا فرنٹ بری طرح ڈیمیج ہو گیا جبکہ دوسرے کا بازو ٹوٹ گیا۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں ایمرجنسی گاڑیاں موقع پر دوڑتی دکھائی دیں، اور مسافروں اور عملے کو فوری طور پر بسوں کے ذریعے ٹرمینل واپس پہنچایا گیا۔
ڈیلٹا ایئرلائنز نے بتایا کہ ایک فلائٹ میں 28 اور دوسری میں 57 مسافر سوار تھے۔ تمام مسافروں کو خوراک اور مشروبات فراہم کیے گئے، رات گزارنے کے لیے ہوٹل کا انتظام کیا گیا اور دوبارہ پرواز کے لیے ری بُکنگ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ایک مسافر نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ وہ شارلٹ سے لینڈ کرنے کے بعد گیٹ کی طرف جا رہے تھے کہ اسی دوران ایک اور ڈیلٹا ریجنل جیٹ آ کر ان کے طیارے سے ٹکرا گیا۔ڈیلٹا ایئر لائنز نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنے تمام صارفین اور عملے کی حفاظت کو سب سے مقدم رکھتے ہیں، اور اس افسوسناک واقعے پر معذرت خواہ ہیں، ساتھ ہی تمام مسافروں کی دیکھ بھال کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔