مصر: دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، 7 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

مصر: دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، 7 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

مصر: دو مسافر ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم، 7 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی، متعدد بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں، حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق مصر کے شمالی علاقے میں دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں، جس کے باعث مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں ٹرین کی کئی بوگیاں الٹی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں شہری اور امدادی اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور متاثرہ افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایک ٹرین گیزا سے جنوب مغرب میں واقع فیوم نخلستان کی جانب جا رہی تھی، جبکہ دوسری ٹرین مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے ملک کے جنوبی شہر اسوان کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

دونوں ٹرینوں کے درمیان تصادم کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ حکام کی جانب سے حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ صدر السیسی کا کہنا ہے کہ حادثے میں اگر کوئی شخص غفلت یا کوتاہی کا مرتکب پایا گیا تو اسے جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔