فرانس کے علاقے سینٹ ڈیزیے میں فرانس کی فضائیہ کے ایروبیٹک ٹیم کے دو طیارے دوران مشق ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔
یہ واقعہ نارتھ ایسٹرن فرانس میں پیش آیا جہاں دونوں الفا جیٹ طیارے پرواز کے دوران آپس میں ٹکرا گئے۔ ایک طیارہ گودام نما ٹاور سے ٹکرا کر شدید آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جس سے دھواں آسمان میں بلند ہو گیا۔حادثے کے وقت، دونوں پائلٹس اور ایک مسافر ایجیکٹ کرنے میں کامیاب ہو گئے، جب کہ تین دیگر افراد بے ہوش ہو گئے۔ وائرل ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ ایروبیٹک ٹیم کے 6 طیارے فضائی کرتب دکھا رہے تھے، جن میں سے 4 طیاروں نے پرواز جاری رکھی، تاہم بائیں جانب کے 2 طیارے ایک دوسرے سے ٹکرا کر بے قابو ہو گئے اور فری فال میں چلے گئے۔
فرانس کی فضائیہ نے ان طیاروں کا استعمال یوکرینی پائلٹس کی تربیت کے لیے بھی کیا تھا۔ اس حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور اس سے قبل اگست 2022 میں بھی فرانس کے دو رافیل طیارے آپس میں ٹکرا گئے تھے، جس میں دونوں پائلٹس ہلاک ہو گئے تھے۔یہ حادثہ فرانس کی فضائیہ کی جانب سے ایروبیٹک ٹیم کے لیے منعقد کیے جانے والے فضائی کرتب کی مشقوں کے دوران پیش آیا، جس سے فضائی سلامتی کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔