واشنگٹن ایئرپورٹ پر دو بوئنگ 737 طیارے آپس میں ٹکرا گئے

واشنگٹن ایئرپورٹ پر دو بوئنگ 737 طیارے آپس میں ٹکرا گئے

امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر ٹیکسی کے دوران امریکن ایئرلائنز کے دو بوئنگ 737 طیاروں کے پر آپس میں ٹکرا گئے۔

 حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ایک طیارے کے ونگ ٹِپ (پر کا بیرونی حصہ) کو نقصان پہنچا۔امریکی حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شام اس وقت پیش آیا جب دونوں طیارے پرواز کے لیے رن وے کی جانب بڑھ رہے تھے۔ امریکن ایئرلائنز کی پرواز 638 ڈلاس جبکہ پرواز 2152 شکاگو جانے کے لیے روانگی کی تیاری کر رہی تھی۔ابتدائی معلومات کے مطابق پرواز 638 ٹیکسی کرتے ہوئے رن وے کی ہولڈ لائن سے آگے بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں اس کا پر ساتھ موجود دوسرے طیارے کے پر سے ٹکرا گیا۔ واقعے کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی گئی اور طیاروں کو مزید آگے بڑھنے سے روک دیا گیا۔حادثے کے بعد دونوں طیاروں کو واپس ایئرپورٹ کے گیٹ پر لے جایا گیا، جہاں ایئرپورٹ فائر اینڈ ریسکیو عملے نے ان کا معائنہ کیا۔ حکام کے مطابق کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

امریکن ایئرلائنز نے دونوں طیاروں کو تکنیکی معائنے اور ضروری مرمت کے لیے عارضی طور پر سروس سے ہٹا دیا۔ ایئرلائن نے مسافروں کو پیش آنے والی پریشانی پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جلد از جلد اپنی منزلوں تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔واقعے کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ایک دوسرے آنے والے طیارے کو لینڈنگ روکنے کی ہدایت بھی دی، تاہم ایئرپورٹ حکام کے مطابق دیگر پروازوں کے آپریشن میں کوئی بڑی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔