پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے: عطاء اللہ تارڑ

 ریاض(آئی این پی )وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور عالمی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور بحرین کے وزیر برائے اطلاعات رمضان بن عبداللہ النعیمی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کو وسعت دینے، مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہارکیا گیا۔وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا    پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط اور مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ میڈیا کے شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے میڈیا وفود کے تبادلے انتہائی اہم  ہیں‘بحرین کے وزیراطلاعات رمضان بن عبداللہ النعیمی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بحرین اور پاکستان کے تعلقات قیادت کی دانشمندانہ رہنمائی کے تحت مختلف شعبوں میں مسلسل ترقی کر رہے ہیں۔