پاک بحریہ کا مقامی ساختہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک بحریہ کا مقامی ساختہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک بحریہ نے مقامی سطح پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق میزائل نے طویل فاصلے پر ہدف کو انتہائی درستگی اور برق رفتاری سے کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔بیان کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا، جبکہ سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیم بھی اس موقع پر موجود تھی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل جدید گائیڈنس سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو خطرات سے بچتے ہوئے بدلتی صورتحال میں مؤثر انداز سے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔مزید کہا گیا کہ مقامی طور پر تیار کردہ یہ میزائل پاکستان کی تکنیکی مہارت کا مظہر ہے اور اس کا کامیاب تجربہ آپریشنل صلاحیت اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج کی عکاسی کرتا ہے۔بیان کے مطابق پاک بحریہ سمندری دفاع کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ یہ تجربہ علاقائی سمندری سیکیورٹی اور استحکام کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار ہے۔

کامیاب تجربے پر آصف علی زرداری، شہباز شریف اور عسکری قیادت نے متعلقہ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔