اسلام آباد: پاکستان نے ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل "فتح" کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جو کہ ملکی دفاع میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل تجربہ “ایکس انڈس” مشق کے تحت کیا گیا، جس میں پاکستان آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے شرکت کی۔ "فتح" میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے اور اس میں جدید نیویگیشن سسٹم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ درستگی کی خصوصیات موجود ہیں۔میزائل تجربے کا مقصد فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دی اور اس پیشرفت کو دفاعی خودانحصاری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی تجربے پر سائنسدانوں اور دفاعی ماہرین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ پاکستان کے دفاعی عزم اور صلاحیت کا واضح اظہار ہے، اور پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل 3 مئی کو پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے "ابدالی" میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا تھا، جس کی رینج 450 کلومیٹر ہے۔ فتح میزائل کے کامیاب تجربے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر قریبی فاصلے پر مؤثر ردعمل کی صلاحیت میں۔