پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں جامع بحری مشق کے دوران زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے اور اپنی آپریشنل صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق کے دوران پاکستان نیوی نے جدید فضائی دفاعی نظام استعمال کرتے ہوئے عمودی لانچنگ سسٹم سے ایل وائی–80 (این) میزائل کو کامیابی سے فائر کیا، جس نے مقررہ فضائی ہدف کو تباہ کر دیا۔ اس کے علاوہ، مشق میں جدید لوئٹرنگ میونیشن کا استعمال کرتے ہوئے سطحِ آب کے اہداف کو بھی درستگی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے پاکستان نیوی کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیتیں واضح ہو گئیں۔بیان میں بتایا گیا کہ بغیر پائلٹ سطحی بحری جہاز (USV) کے تجربات بھی کیے گئے، جس نے تیز رفتار، بہترین نیویگیشن اور سخت موسمی حالات میں مؤثر کارکردگی دکھائی۔
اس مشق کا مقصد جدید بحری جنگی حکمتِ عملی کے تقاضوں کے مطابق روایتی اور جدید خودکار نظاموں کی جانچ کرنا تھا۔کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مشق کا مشاہدہ کیا، جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی ہر صورت میں ملکی بحری دفاع اور قومی سمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بناتی رہے گی۔