ملزمان سے 1974 ریوالور اور پسٹلز ، 8 ہزار گولیاں برآمد کی گئی:ی آئی جی فیصل
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے ناجائز اسلحہ کے خلاف جاری مہم میں بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے رواں سال اب تک 2199 مقدمات درج کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق شہر میں غیر قانونی ہتھیار رکھنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 1974 ریوالور اور پسٹلز جبکہ 8 ہزار گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 3 کلاشنکوف، 37 رائفلز اور 59 بندوقیں بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالہ کلچر کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر بھی پولیس کے ریڈار پر ہیں اور ان کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اسلحہ سے پاک، پْرامن اور محفوظ لاہور ہمارا ہدف ہے۔"ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ ہر مشکوک فرد اور گاڑی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ریلوے اسٹیشنز اور بس اڈوں پر بھی اسلحہ کی تلاشی کا عمل جاری ہے۔فیصل کامران نے مزید بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے روزانہ کومبنگ آپریشنز کیے جا رہے ہیں، جبکہ مشکوک افراد، گاڑیوں اور رہائش گاہوں کی تفصیلی چیکنگ بھی مسلسل جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے۔پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خوف و ہراس پھیلانے والے یا ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔