ناجائز اسلحہ : رواں سال 2181 ملزمان گرفتار،مقدمات

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے ناجائز اسلحہ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مؤثر کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے رواں سال اب تک 2181 ملزمان کو گرفتار کر لیاآپریشنز ونگ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 1943 ریوالور اور پستول، 9 کلاشنکوف، 51 رائفلز اور 71 بندوقیں برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ 8 ہزار 941 گولیاں بھی قبضے میں لی گئیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہر میں اسلحہ سے پاک، پرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی ہتھیار رکھنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو سخت کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی اسلحہ کی تلاشی کا عمل جاری ہے جبکہ ڈولفن فورس، پی آر یو اور پٹرولنگ یونٹس کو ہائی الرٹ کر کے شہر بھر میں مؤثر گشت بڑھا دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشنز کیے جا رہے ہیں، جبکہ مشکوک افراد، گاڑیوں اور رہائش گاہوں کی تفصیلی چیکنگ بھی جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوف و ہراس پھیلانے یا غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔