لیڈی کانسٹیبل صدرہ نعیم کی ٹرانسفر کی درخواست پر فوری ریلیف کی ہدایت کی
لاہور(کرائم رپورٹر)سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے مختلف درخواستوں پر فوری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لیڈی کانسٹیبل صدرہ نعیم کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو فوری ریلیف فراہمی کی ہدایت کی گئی۔اسی طرح مرحوم ہیڈ کانسٹیبل سلیم حیدر کی بیوہ کی جانب سے بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت جاری کی گئی۔لیڈی کانسٹیبل رابعہ یاسین کی محکمانہ اور قانونی کارروائی سے متعلق درخواست پر آر پی او ساہیوال کو ضروری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا۔اس کے علاوہ معطل کانسٹیبل طاہر صدیق کی نوکری بحالی کی درخواست پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز لاہور کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل کے فوری حل کے لیے ایسے اجلاسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔