لاہور (کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے اے ایس آئیز محمد رمضان شیخ اور اصغر علی کی تبادلے سے متعلق درخواستوں پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو غور کرنے کی ہدایت کی۔ ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی کی طبی و مالی امداد کی درخواست پر اے آئی جی ویلفیئر کو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔جونیئر کلرک الماس شکیل کی تبادلے کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی، اردلی کانسٹیبل محمد سلیم کی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس جبکہ ہیڈ کانسٹیبل محمد عمران کی تبادلے کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، انتظامی امور، ترقیوں اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور انہیں فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔