لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و درخواستیں سنیں۔ آئی جی پنجاب نے متعلقہ افسران کو پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل کے فوری حل اور ریلیف کی فراہمی کے احکامات جاری کئے۔کانسٹیبل محمد اکرم کے بیٹے کی جانب سے والد کو شہید قرار دینے کی درخواست پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ کانسٹیبلز مظہر حسین، عنایت، محمد رفیق اور علی کامران کی طبی و مالی امداد کی درخواستوں پر بھی ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ریٹائرڈ سب انسپکٹر ارشاد علی کی مقدمہ منسوخی سے متعلق درخواست پر آر پی او ملتان کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی، جبکہ سب انسپکٹر فیصل علی کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی ایس پی یو کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔لیڈی سب انسپکٹر انعم سلیم کی پروموشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے، جبکہ سینئر ٹریفک وارڈن محمد نواز کی ریکوری سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔مرحوم کانسٹیبل سیمیول مسیح کے والد کی جانب سے بیٹے کے بقایا جات کی ادائیگی کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ ہیڈ کانسٹیبل شوکت حیات کی ٹرانسفر کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو، جبکہ اے ایس آئی نوید شہزاد کی ٹرانسفر کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس ملازمین کی ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سمیت دیگر درخواستوں پر بھی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ملازمین کے مسائل کے حل اور انہیں بروقت ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔