سب انسپکٹر محمد امین کے بیٹے کی بھرتی کی درخواست ، ڈی آئی جی کو ضروری اقدامات کی ہدایت دی
لاہور(کرائم رپورٹر)سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب عبدالکریم کی جانب سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے مختلف افسران و اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انسپکٹر عبدالعزیز کی ٹرانسفر کی درخواست پر آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہمی کی ہدایت کی۔ مرحوم ہیڈ کانسٹیبل محمد جہانگیر کی بیوہ کی جانب سے شوہر کو شہید قرار دینے کی درخواست ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی۔اسی طرح مرحوم سب انسپکٹر محمد امین کے بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی جبکہ شہید کانسٹیبل ارشد رؤف کی بہن کی بقایہ جات ادائیگی کی درخواست بھی متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی۔آئی جی پنجاب نے ریٹائرڈ ڈی ایس پی شفقت اللہ خان کی طبی مالی امداد کی درخواست پر اے آئی جی ویلفیئر کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔