بجلی چوری میں ملوث 4 ہزار 996 افراد گرفتارکئے :بلال صدیق کمیانہ

 بجلی چوری کی شکایات پر بلا تاخیر کارروائی یقینی بنائی جائے گی:سی سی پی او لاہور 
 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے بجلی چوری کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 142 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک بجلی چوری میں ملوث 4 ہزار 996 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ اس حوالے سے 4 ہزار 608 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق بجلی چوری کی روک تھام اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ بجلی چوری قومی معیشت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، اس ناسور کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔سی سی پی او لاہور نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ بجلی چوری کی شکایات پر بلا تاخیر کارروائی یقینی بنائی جائے اور درج مقدمات کو مؤثر فالو اپ کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی چوری کی نشاندہی کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور اس قومی مہم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں