ٹریول آئی سافٹ ویئر کے ذریعے 63 لاکھ 83 ہزار سے زائد مسافروں کی چیکنگ کی گئی:سی سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور مختلف پولیس سافٹ ویئرز کی مدد سے مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ رواں سال ٹریول آئی سافٹ ویئر کے ذریعے 63 لاکھ 83 ہزار سے زائد مسافروں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعے 10 لاکھ 24 ہزار سے زائد افراد کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق سمارٹ آئی سافٹ ویئر کی مدد سے 20 ہزار سے زائد غیر ملکی شہریوں کا ریکارڈ چیک کیا گیا۔ ٹیکنالوجی بیسڈ کارروائیوں کے دوران لاہور پولیس نے 826 اشتہاری ملزمان اور 202 عدالتی مفروروں کو گرفتار کیا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہوٹلوں میں قیام پذیر مسافروں کے کوائف کا پولیس سافٹ ویئرز میں بروقت اور مکمل اندراج یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مطلوب مجرمان کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے شہر کو کرائم فری بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔