جرائم پیشہ عناصر ناسور، کسی رعایت کے مستحق نہیں:بلال صدیق کمیانہ

رواں سال 23142 اشتہاری، 9337عادمی مجرمان کو گرفتار کیا:سی سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں میں رواں سال اب تک 23142 اشتہاری مجرمان اور 9337عادمی مجرمان کو گرفتار کیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ کینٹ ڈویڑن میں 4820،سول لائنزمیں 2035، سٹی میں 5567، اقبال ٹاؤن میں 3122، صدرمیں 3813اور ماڈل ٹاؤ ن میں 3785اشتہاری مجرمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔اسی طرح کینٹ ڈویڑن میں 1558،سول لائنزمیں 672، سٹی میں 3115، اقبال ٹاؤن میں 1473، صدرمیں 1475اور ماڈل ٹاؤ ن میں 1044عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیاہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نقص امن کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر معاشرے کا ناسور، کسی رعایت کے مستحق نہیں۔سی سی پی او لاہورنے قتل،اقدامِ قتل اور سنگین مقدمات کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں کیلئے کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سافٹ وئیرز سمارٹ آئی اورہوٹل آئی سمیت جدیدٹیکنالوجی کو بروئے کار لا تے ہوئے مطلوب مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔انہو ں نے کہا کہ ڈویڑنل افسران خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کااظہار کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی لاہور پولیس کا اولین مشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کے فرنٹ لائن سولجرز شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔