اسلام آباد:قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب کے اسمبلی کی کارروائی سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹریٹ نے عمر ایوب کو اعداد و شمار کے ساتھ ایک تفصیلی جوابی خط ارسال کیا ہے جس میں پارلیمنٹ میں سوالات کے وقفے اور توجہ دلاؤ نوٹسز سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق خط میں ان سوالات اور نوٹسز کی تفصیلات بھی شامل ہیں جو قواعد و ضوابط پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے مسترد کیے گئے۔انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریکارڈ عوامی آگاہی کے لیے جاری کیا گیا ہے تاکہ پارلیمانی شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ صرف اپوزیشن ہی نہیں، حکومتی اراکین کے بھی 320 سوالات قواعد کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے قبول نہیں کیے گئے، جبکہ اپوزیشن کے 127 سوالات بھی انہی وجوہات کی بنا پر مسترد ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ ایوان میں متعدد مواقع پر اپوزیشن کی غیر حاضری احتجاج کی وجہ سے دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں سوالات یا نوٹسز پر کارروائی متاثر ہوئی۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے واضح کیا ہے کہ اسمبلی کا عمل قواعد و ضوابط کے مطابق چلایا جا رہا ہے، اور قائد حزب اختلاف کی طرف سے لگائے گئے الزامات غلط فہمی یا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر مبنی ہو سکتے ہیں۔