چار کمیٹیوں کی تشکیل،کمیٹیاں 15 روز میں تجاویز اتھارٹی پیش کریں گی
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت کی جانب سے قائم کی گئی پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی ،صوبے بھر میں پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اور صفائی کے نظام کو م ئوثر بنانے کے لیے ایک مرکزی ادارے کے طور پر کام کرے گی۔یہ ادارہ واٹر سپلائی، سیوریج، ڈرینج، واٹر ٹیرف، پرائیویٹ سکیموں کی مانیٹرنگ اور وسائل کے تحفظ کے لیے ریسرچ بیسڈ اور پالیسی ڈریون اقدامات متعارف کرائے گا۔ اتھارٹی کو م ئوثر انداز میں فعال کرنے کے لیے رولز اینڈ ریگولیشنز کی تیاری شروع کر دی گئی ہے،ڈی جی پنجاب واسا کی منظوری کے بعد ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز مدثر جاوید کی جانب سے چار کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔یہ کمیٹیاں آئندہ پندرہ روز کے اندر اپنی تجاویز اتھارٹی کو پیش کریں گی، جو کہ قوانین اور پالیسی سازی میں بنیادی کردار ادا کریں گی۔ہیومن ریسورس پالیسیز، رولز اینڈ ریگولیشنز کمیٹی، ملازمین کی بھرتی، تربیت اور سروس سٹرکچر پر سفارشات تیار کرے گی۔ آپریشنز اینڈ مینٹی ننس کمیٹی، پانی کی فراہمی اور سینی ٹیشن کے جاری نظام کی بہتری اور دیکھ بھال کے حوالے سے پالیسیز دے گی۔