آئی جی کے حکم پرقومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی 68 ہزار مقدمات درج
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈا ئون بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوری کے 68 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔اب تک صوبے بھر سے 50 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 45 ہزار 522 مقدمات کے چالان مکمل کر کے عدالتوں میں جمع کرائے گئے۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 12 ہزار 479 ملزمان کو عدالتوں سے سزائیں اور جرمانے بھی کروائے گئے۔ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی چوری کے 24 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے جبکہ 23 ہزار سے زائد بجلی چور گرفتار ہوئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈا ئون بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ عوامی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔