تحریک انصاف میں ایک نہیں کئی دھڑے ہیں جس پر بانی کا ہاتھ ہوگا وہی آگے آئے گا :جنید اکبر

 پی ٹی آئی: دھڑے بندی کا اعتراف  جنید اکبر 
 پنجاب کے لوگ کیوں نہیں نکل رہے یہ سوال پنجاب کی قیادت سے پوچھا جائے:چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی ،ممکنہ اتحادیوں کے ساتھ الائنس کو حتمی شکل دے کرمستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے: بانی کا پیغام 
اسلام آباد( بیورو رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی جنید اکبر نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں ایک نہیں کئی دھڑے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی جنید اکبر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ہر بندیکو آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے تو پھر اختلاف رائے تو ہوگا، پی ٹی آئی میں جس بندے پر بانی پی ٹی آئی کا ہاتھ ہوگا وہی آگے آئے گا۔جنید اکبر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں صرف بانی پی ٹی آئی اور اس کے ورکرز ہیں، ابھی تو پارٹی میں کوئی بڑا نام نہیں رہ گیا سب ہمارے جیسے لوگ ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگ کیوں نہیں نکل رہے یہ سوال پنجاب کی قیادت سے پوچھا جائے۔بانی پی ٹی آئی کے پیغام سے متعلق مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت ہے کہ عمران خان نے کہا کہ اتحادیوں سمیت ممکنہ اتحادیوں سے رابطے کا عمل مکمل کیا جائے، ممکنہ اتحادیوں کے ساتھ الائنس کو حتمی شکل دے کرمستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے، احتجاج سمیت تمام آپشنز ٹیبل پہ موجود ہیں۔سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ قائد عمران خان نے اڈیالہ جیل سے آج بتاریخ 15 اپریل کی ملاقات کے بعد پارٹی کو ہدایات جاری کی ہیں۔ ہدایات میں کہا گیا کہ میں نے کبھی بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے لیکن مذاکرات ملک اور قوم کے مفاد اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہوسکتے ہیں میری ذات سے متعلق نہیں۔