انڈس ہائی وے پرلکی غنڈ کے قریب حادثے میں مسافروین ٹرالرکے نیچے پھنس گئی ،لاشوں اورزخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا
گلگت سے راولپنڈی آنیوالی بس الٹنے سے دو افراد جاں بحق 20زخمی ، شیخوپورہ میں ڈمپر کی رکشا کوٹکر،تین افراد جان سے گئے
ہری پور(آئی این پی )خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں کم سے کم 15افراد جاں بحق جبکہ 30کے قریب زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق کرک میں انڈس ہائی وے پر لکی غنڈکی کے قریب ٹرالر اور مسافر وین میں ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں 10افراد جا ںبحق جبکہ 5زخمی ہوگئے ، نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں مسافر وین ٹرالر کے نیچے پھنس گئی۔ادھر ہری پور میں شاہ مقصود کے مقام پر گلگت سے راولپنڈی آنے والی مسافر بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 2مسافر جاں بحق جبکہ 20زخمی ہوگئے، بس کے ڈرائیور کو نیند آ جانے کے باعث حادثہ پیش آیا۔حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں 3غیر ملکی بھی شامل ہیں، زخمیوں کو ٹراما سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر چودھری سٹاپ کے قریب ڈمپر کی رکشا کو ٹکر کے نتیجے میں 3افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5زخمی ہوئے ہیں، واقعے کے بعد رکشاڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔حکام کا کہنا ہے کہ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔